کراچی ( کامرس رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کوزبردست اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد مجموعی طور پر تیزی غالب آگئی اور کے ایس ای100انڈیکس287.25پوائنٹس کی ریکوری سے 38792.09پوائنٹس پر بند ہواجب کہ مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں7ارب 15کروڑ77لاکھ روپے کا اضافہ ہواتاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم منگل کی نسبت2کروڑ57لاکھ94ہزار شیئرز کم رہا ۔گزشتہ روز کاروبارکا آغاز مثبت زون میں ہوا لیکن تھوڑی دیر بعد ہی حصص فروخت کا رجحان شروع ہوا جس کے نتیجے می مندی چھاگئی اور کے ایس ای100انڈیکس 38ہزار پوائنٹس کی سطح سے گرتے ہوئے 600سے بھی زائد پوائنٹس کی کمی سے 37894پوائنٹس کی سطح پر آگیا تاہم بعد ازاں شیئرز کی قیمتوں میں کمی سے پرکشش سطح پر آنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرمایہ کار گروپ سرگرم ہوگئے اور انہوں نے مخصوص کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری کی جس کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ مثبت زون میں داخل ہوگیا ،تیزی کے باعث انڈیکس ایک موقع پر 38830پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد میں مزکورہ حد بحال نہ رہ سکا لیکن مجموعی طور پر تیزی غالب رہی اور مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 287.25پوائنٹس کے اضافے 38792.09پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 200.93پو ا ئنٹس کے اضافے سے 19005.23پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس 420.80پوائنٹس کے اضافے سے 66066.48 پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 85.40پو ائنٹس کے اضافے سے 28384.74پوائنٹس پر بند ہوا گزشتہ روز مجموعی طور پر384کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 181کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،181کمپنیوں میں کمی اور 22 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔