لاہور(نامہ نگار)طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے پائلٹ سجاد گل کے والد گل محمد بھٹی نے روزنامہ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے نے جاتے وقت قرآن پاک کی تلاوت کی اور جاتے وقت مجھ سے کہا ابا جان ہو سکتا ہے کہ مجھے واپس گھر آتے دیر ہو جائے اور میرے آنے سے قبل عید ہو گئی تو بچوں کو میری طرف سے اپ خود عیدی دے دیجئے گا ،یہاں تک کے والدین کیلئے بھی ایڈوانس میں عیدی دے کر گیا تھا، انہوں نے کہا کہ سجاد گل نے ہمیشہ اپنی ڈیوٹی فرض سمجھ کر ایمانداری سے کی اور جب بھی وہ گھر سے جاتا مجھے اور والدہ کو ملے بغیر نہیں جاتا اور ہمیشہ دعا کیجئے گا کہہ کر جاتا تھا ، انہوں نے کہا کہ انکے بیٹے نے روزے کی حالت شہادت پائی ، انہیں یقین ہے کہ اس نے پوری کوشش کی ہو گی کہ وہ طیارے میں موجود تمام مسافروں کو کسی بھی صورت میں بچانے میں کامیاب ہو جائے ، انہوں نے کہا کہ وہ ایک بہادر بیٹا تھا، انہوں نے کہا کہ ماں باپ کے لئے انکی اولاد ہی سہارا ہوتی ہے ، انکا بیٹا اللہ کی امانت تھا جو ہوا، اس میں بھی اللہ تعالی کی ہی رضا ہے ۔