جہلم،اوکاڑہ،حافظ آباد( نمائندہ 92نیوز،ڈسٹرکٹ رپورٹر ) سرائے عالمگیر میں غیرت کے نام پر لڑکے اورلڑکی کوقتل کردیاگیا،والد سمیت 3 افراد کوگرفتارکرلیاگیا۔ذرائع کے مطابق 17سالہ شمیم اور 20 سالہ ثنا اﷲ پسند کی شادی کرنا چاہتے تھے لیکن دونوں کے والدین اس رشتہ پر راضی نہ تھے ،گزشتہ روز دونوں کو کریالہ لنک روڈ پر فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا، پولیس نے نعشیں قبضے میں لے لیں۔اوکاڑہ کے موضع کوہلہ میں جیب خرچ نہ دینے پر بڑے بھائی صفدر اصغر نے چھوٹے بھائی ندیم اصغر کوڈنڈے مار کر قتل کردیا۔ملزم موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔حافظ آباد کے نواحی گاؤں شاہ جمال میں مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی پر بھتیجے حسنین شاہ نے اپنی چچی امیر بی بی کو سوتے میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردی جبکہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔