کولمبو(مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا میں بھی مسلمانوں کے خلاف بھارت کی طرز پر کارروائیوں کا سلسلہ شروع ہوگیاہے ، پرتشدد کارروائیوں میں ایک مسلمان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے ، غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سری لنکا میں مسلم آبادی کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں ایک مسلمان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے ، سری لنکا کی کابینہ کے وزیر اور سری لنکن مسلم کانگریس کے رہنما رؤف حکیم کے مطابق مشتعل افراد نے پیر 13 مئی کو ایک مسلمان شخص کو شمال مغربی سری لنکا میں قتل کیا، اس کے علاوہ درجنوں دکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا، کئی مساجد کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیاہے ، ان حملوں میں مسیحی کمیونٹی اور سری لنکا کی اکثریتی سنہالی آبادی کے افراد شامل ہیں، سری لنکن حکومت کی جانب سے شمال مغربی صوبہ میں کرفیو کانفاذ کیا گیاہے ۔ پیر کے روز پولیس ترجمان نے بتایا تھا کولمبو کے شمال سے 80 کلومیٹر کے فاصلے پر رہائشی علاقے چیلاؤ میں مشتعل ہجوم نے مسجد پر حملہ کیا اور مسلمانوں کے کاروباری مراکز کو بھی نشانہ بنایا تھا۔