لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سیاسی یتیم یادرکھیں حکومت مدت پوری کرے گی جبکہ ملاوٹ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیدیا۔تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام کی ضرورت کو مدنظر ر کھ کر ترقیاتی منصوبے بنائے گئے ہیں۔ سابق حکومت لاہور اور صوبے کے دیگر شہروں میں متعدد منصوبے ادھورے چھوڑ کر گئی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے انتظامی تیاریاں مکمل اور فنڈز بھی مختص کئے جا چکے ہیں، سیکرٹریٹ جلد قائم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں،سیاسی یتیم یاد رکھیں حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے ۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت پہلے سے زیادہ مستحکم ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے ملاوٹ مافیا کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ غذا میں ملاوٹ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ملاوٹ کے سدباب اور فوڈ سیفٹی کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے ۔دریں اثنا برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے لئے آفتاب احمد کو اوورسیز پاکستانیز کا فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا۔ آفتاب احمد اعزازی طور پر فرائض سرانجام دیں گے اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے سلسلے میں ہر ماہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو رپورٹ پیش کریں گے ۔ادھر وزیراعلیٰ نے علی پور چٹھہ کے علاقے چراغ آباد میں مکان کی چھت گرنے سے بچوں کے جاں بحق ہونے اورسعودی عرب میں ٹریفک حادثے میں پاکستانی مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔