راولپنڈی ( نامہ نگار خصوصی،92 نیوزرپورٹ) امریکی خصوصی طیارہ 293امریکی شہریوں اور سفارتکاروں کو لیکر اسلام آبادسے واشنگٹن روانہ ہوگیا،پی آئی اے کا خصوصی طیارہ ترکی میں پھنسے 194 پاکستانیوں کو لیکر اسلام آباد پہنچ گیاجبکہ پی آئی اے نے برطانیہ کیلئے خصوصی پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا ۔ امریکی خصوصی طیارہ پہلے کراچی سے 119 امریکی مسافروں کو لیکر اسلام آباد آیا،اسلام آباد سے مزید 175 امریکی شہری اور 9 سفارتکار سوار ہوئے ۔وائرس سے نمٹنے کیلئے انتطامیہ نے مسافروں کی سکریننگ کی اور سامان پر جراشیم کش ادویات کا سپرے کیا ۔ذرائع کے مطابق امریکی سفارتکار 10 پالتو جانوروں کو بھی امریکہ لیکر روانہ ہوئے ۔دوسری جانب پی آئی اے کی پرواز پی کے 782 استنبول سے اسلام آباد پہنچ گئی،استنبول سے آنے والے تمام پاکستانی مسافروں کے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔تمام مسافروں کو کورونا ٹیسٹ کے بعد ہوٹلوں میں قرنطینہ میں بھجوا دیاگیا ۔برطانیہ کیلئے پی آئی اے کی اسلام آبا د سے ہفتے کو دو پروازیں آپریٹ ہو نگی ۔پی کے 9701مانچسٹر جبکہ پی کے 9785 لندن روانہ ہو گی۔ پی آئی اے اتوار کو بھی بر طانیہ کیلئے دو پروازیں آپریٹ کر ے گی ۔پی کے 791 اسلام آباد سے بر منگھم ، پی کے 701 مانچسٹر روانہ ہو گی ۔پی آئی اے کی تمام پروازیں پاکستان سے مسافروں کو لیکر روانہ ہو نگی اور مسافروں کو بر طانیہ چھوڑ کر خالی طیارے واپس پاکستان آئیں گے ۔ کورونا وائرس میں پاکستان کو مدد فراہم کرنے والے چینی ڈاکٹرز اسلام آباد سے لاہور روانہ ہوگئے ۔چین سے آنے والے 8 رکنی ڈاکٹرز کا وفد اسلام آبادسے لاہور روانہ ہوا۔دریں اثنا سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ویب سائٹ صارفین کیلئے غیر فعال ہوگئ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی سرٹیفکیٹ کی تجدید کیلئے درخواست دے رکھی ہے ، جلد ویب سائٹ مکمل بحال کردی جائے گی۔