تہران (نیٹ نیوز) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران نے کبھی بھی کوئی جوہری ہتھیار بنانے یا بنانے کے بعد اسکے ممکنہ استعمال کی کوئی خواہش نہیں کی، جوہری ہتھیاروں کی تیاری اور استعمال اسلام میں منع ہیں۔ ایران کے سرکاری ٹی وی پر نشر ہونیوالے بیان میں خامنہ ای نے کہا ایٹمی اسلحہ تیار کرنا اور اسے ذخیرہ کرنا مذہبی طور پر حرام ہے ، ایران کے پاس جوہری ٹیکنالوجی تو ہے لیکن اس نے خود کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے ہمیشہ دور ہی رکھا ہے ۔ تہران حکومت اپنے خلاف ان الزامات کو ہمیشہ مسترد کرتی آئی ہے کہ اس نے کبھی کوئی ایٹم بم بنانے کی کوشش یا خواہش کی تھی۔