ریاض، واشنگٹن ( نیٹ نیوز) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عید الاضحی پر عالم اسلام کیلئے تہنینی پیغام جاری کیا، جمعہ کے روز ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سعودی فرماں روا نے کہا "میں تمام لوگوں کو عید الاضحی کی تہنیت پیش کرتا ہوں، اللہ تعالی ہمیں اور آپ کو خیر و برکت اور صحت و عافیت سے بھرپور عید سے نوازے ، ہم اللہ سے اس بات کا بھی سوال کرتے ہیں کہ تمام حجاج کرام کے حج کو اور مسلمانوں کی طاعات کو قبول فرمائے ، اور اپنے فضل سے ہمارے ملک اور پوری دنیا سے اس کورونا وائرس کی وبا کا خاتمہ فرمائے ، آپ لوگ ہر سال جیتے رہیں۔ دریں اثنا امریکی وزیر خارجہ مائیکل پومپیو نے امریکہ میں موجود مسلمانوں اور امت مسلمہ کو عید الاضحیٰ پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا عید الاضحیٰ ہمدردی، سخاوت اور قربانی کا موقع ہے ۔ عید حج کے اختتام پر منائی جاتی ہے ۔ ہم اس سال وبا کی وجہ سے حج نہ کرنے والوں مسلمانوں کی مایوسی کو سمجھتے ہیں اور امید کرتے ہیں مستقبل قریب میں انہیں حج کی ادائیگی کا موقع ملے گا۔ ہم دنیا بھر میں وبا کو پھیلاؤ کو روکنے اور ضرورت مندوں کی خدمت کرنے اور سماجی فاصلہ اپنانے کیلئے مسلمانوں کی کوششوں اور عزم کو سراہتے ہیں۔ امریکہ لوگوں کی مذہبی آزادی سمیت ناقابل تبدیلی دیگر حقوق کی طرفداری کرتا رہے گا ۔امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے میں آپ سب کو عید الاضحیٰ کی خوشیاں مبارک ہوں۔