کراچی،لاہور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،اپنے نیوز رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں)احتساب عدالت کراچی نے منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سندھ بینک کے صدر طارق احسن،نائب صدر ندیم الطاف اور سابق صدر بلال شیخ کوپانچ روزہ سفری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا، عدالت نے ملزمان کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔احتساب عدالت لاہور نے پیراگون سٹی سکینڈل میں گرفتار سابق وزیر ریلوے سعد رفیق اورسابق صوبائی وزیرخواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 جولائی تک توسیع کردی جبکہ دیگر تین شریک ملزمان ندیم ضیا، عمر ضیاء اور فرحان علی کو اشتہاری قرار دینے کے لیے کارروائی کرنے کا حکم بھی دے دیا۔خواجہ برادران کو ریفرنس کی نقول فراہم نہ کی جاسکیں۔ملزم ندیم ضیاء کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی،تعمیل کنندہ نے بتایاوارنٹ گرفتاری لیکر ملزم کے گھر گئے مگر سکیورٹی گارڈ محمد افضل نے بتایاملزم 14 ماہ سے بیرون ملک ہے ،وہ جان بوجھ کر نامعلوم مقام پر روپوش ہے ۔ملزم عمر ضیاء کے وارنٹ گرفتاری پر بھی عملدرآمد نہیں ہو سکا،ملزم کے گھر گیاتو نئے مالک مکان محمد طاہر نے رجسٹری پیش کرکے بتایاوہ اپنا گھر7 فروری 2019 کو فروخت کر چکا۔ملزم فرحان علی بھی اپنا علامہ اقبال ٹاؤن والا مکان 8 سال پہلے فروخت کر چکا اور روپوش ہے ، تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا تینوں ملزمان بیرون ملک فرار ہو چکے ۔احتساب عدالت لاہور کے جج نعیم ارشد ملک نے لاہور پارکنگ کمپنی کرپشن کیس میں ملوث لیگی رہنماء حافظ نعمان سمیت تین ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 13 روز کی توسیع کر دی اور آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کر لیا۔احتساب عدالت کے جج وسیم اختر نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ایس ایس پی سید جنید ارشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی، نیب پراسیکیوٹر اور تفتیشی افسر نے جنید ارشد کے متعلق ابتدائی تفتیشی رپورٹ پیش کر دی ۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں ملز م سجاد عباسی کے جسمانی ریمانڈ میں سات روز کی توسیع کردی جبکہ 3 ملزمان خواجہ مصطفی ذوالقرنین،خواجہ سلمان یونس اور ملک وحید احمد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔