لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا ہے کہ صوبہ کے سرکاری ہسپتالوں میں موجودہ حالات میں ٹیلی میڈیسن سروس کا اجرا وقت کی اہم ترین ضرورت تھی اور پنجاب حکومت نے اس ضمن میں بر وقت فیصلہ کر کے عام آد می کی صحت کے تحفظ کے لئے احسن اقدام اٹھایا ہے کیونکہ اس سہولت سے کسی اخراجات اور وقت ضائع کیے بغیر دوردراز کے علاقوں کے مریض بھی زیادہ سے زیادہ مستفید ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل ہسپتال میں ٹیلی میڈیسن سروس اور آن لائن طبی سہولت کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین، ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر رانا محمد شفیق اور ڈائریکٹر او پی ڈی ڈاکٹر عبدالرزاق کے علاوہ دیگر سینئر ڈاکٹرز بھی اس موقع پر موجو دتھے ۔پروفیسر الفرید ظفر نے سکائپ پر مریضوں کی رہنمائی کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں بھی ایل جی ایچ کے 8بڑے شعبوں میں صبح آٹھ سے شام آٹھ بجے تک مریضوں کو طبی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں اور میڈیسن پلمونالوجی، جنرل سرجری، آرتھوپیڈک، گائنی، امراض بچگان، ناک، کان و گلا اور امراض چشم کے شعبوں میں کنسلٹنٹ عوام کو کرونا سمیت دیگر بیماریوں سے بچاؤ، احتیاطی تدابیر اور علاج کیلئے مشورے دے رہے ہیں۔