لاہور (کامرس رپورٹر) سوئٹرز لینڈ کی چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں پاکستانی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے میں بے انتہا دلچسپی رکھتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں سوئٹرز لینڈ کے نائب سفیر برنارڈ فرجر نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے دفتر کے موقع پر کیا، اس موقع پر سوئٹرز لینڈ گلوبل انٹرپرائز کے جنوبی ایشیاء کے سینئر کنسلٹنٹ بیٹ اینیشن بھی ان کے ساتھ تھے ۔ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے سوئس وفد کا استقبال کیا اور انہیں پنجاب میں سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے کی جانے والی کوششوں سے روشناس کروایا۔ جہانزیب برانہ نے وفد کو بتایا کہ پنجاب میں حکومت سرمایہ کاری و تجارت میں اضافے کے ذریعے عوام کا معیار زندگی بلند کرنا چاہتی ہے اور اس حوالے سے خصوصی پالیسیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے سوئس وفد کو صوبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور سرمایہ کاروں کو مہیا کی جانیوالی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔