پشاور(نامہ نگار)92 نیوز میڈیا گروپ کے سی او او پبلیکیشن ، ریگولیشن اینڈ کارپوریٹ افیئرز اسامہ شمس سید کے والد سید شمس القمر بقضا ئے الٰہی وفات پاگئے ہیں، ان کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں محلہ سپن کانڑے زیارت کاکاصاحب نوشہرہ میں ادا کی گئی،نمازجنازہ میں 92 نیوز چینل اور روزنامہ 92 نیوز پشاور اور اسلام آباد کے کارکنوں، سیاسی و سماجی شخصیات، مقامی عمائدین اور اہل علاقہ نے بھی شرکت کی، نماز جنازہ کے بعد انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، وہ انجنیئر عامر شمس کے بھی والد اور مقدر شاہ، فاروق شاہ کے بھائی تھے ، انہوں نے 1967 میں مردان سے میٹرک کیا اور مردان سے ہی ایف ایس سی کا امتحان پاس کیا،انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور سے انجنیئرنگ کی ڈگری لی اور پی ڈبلیو ڈی میں سب انجینئر تعینات ہوئے ، 1974 میں سعودی عرب چلے گئے جہاں بڑ ی فرمز کے ساتھ منسلک رہے ،غازی بروتھا میں بھی ریذیڈنٹ انجینئر رہے اور پیہور ہائی لیول کینال میں چیف انجینئر کے حیثیت سے کام کیا، وہ شیڈو کے ساتھ بھی منسلک رہے ، ریٹائرمنٹ کے بعد وہ ایک عرصے سے لاہور میں مقیم تھے ، تین ہفتے سے سانس کی تکلیف کے باعث نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے گزشتہ روز انتقال کرگئے ۔