لندن (نیٹ نیوز) نامور برطانوی گلوکار اور لکھاری ایلٹن جان نے اپنی آٹوبایوگرافی میں کئی سال پرانے ایک ایسے واقعے کا ذکر کیا جب ہالی وڈ کے دو کامیاب اداکار شہزادی ڈیانا کے لیے ایک دوسرے سے لڑ پڑے تھے ۔ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق 72 سالہ ایلٹن جان نے اپنی کتاب میں لکھا کہ انہوں نے کئی سال قبل ایک تقریب منعقد کی تھی، جس میں اداکار رچرڈ گیئر اور سیلویسٹر سٹالون بھی شریک ہوئے ۔اس موقع پر ایلٹن جان کی قریبی دوست شہزادی ڈیانا بھی اس تقریب کا حصہ بنیں۔گلوکار کے مطابق یہ وہ وقت تھا جب شہزادی ڈیانا اپنے شوہر شہزادہ چارلس سے الگ ہوچکی تھیں اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ وہ اور اداکار رچرڈ گیئر ایک دوسرے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔گلوکار نے مزید بتایا کہ ہم سب ایک ساتھ موجود تھے ، تاہم ایونٹ کا ماحول اس وقت کچھ تبدیل ہوتا نظر آیا جب سیلویسٹر سٹالون کو شہزادی ڈیانا اور رچرڈ گیئر کی بڑھتی دوستی پسند نہیں آئی جس پر انہیں غصہ آگیا۔ایلٹن جان کے مطابق جس وقت کھانا پیش کیا جارہا تھا، یہ دونوں اداکار کہیں نظر نہیں آرہے تھے ، بعدازاں فلم ساز ڈیوڈ فرنش نے بتایا کہ یہ دونوں شہزادی ڈیانا کیلئے لڑائی کررہے ہیں۔بعدازاں ڈیانا تقریب میں رچرڈ گیئر کے ہمراہ ہی نظر آئیں البتہ سیلویسٹر سٹالون تقریب چھوڑ کر روانہ ہوگئے ۔ایلٹن جان کی سوانح عمر رواں ماہ 15 تاریخ کو ریلیز ہوگی۔