لاہور(سپورٹس رپورٹر) شہباز شریف نے کرکٹر عبد القادر کے گھرجاکر لیجنڈ کرکٹر کی وفات پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا، مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کرکٹر عبد القادر کے گھر جا کر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے بلند درجات کے لئے دعا بھی کی۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی ان کے ساتھ لیگ سپنر عبد القادر کے گھر گئے ،شہباز شریف نے کہا مرحوم ایک بڑے کھلاڑی اور عظیم انسان تھے ، پی ٹی آئی کے سینیٹر ولید اقبال بھی مرحوم کے گھرآئے اور ان کے بیٹوں سے تعزیت کی ، دریں اثنا عبدالقادر مرحوم کی تدفین کے تیسرے روز بھی ان کے گھر تعزیت کرنے والوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے قران خوانی بھی کی گئی اور ظہر کے بعد اجتماعی دعا کی گئی جس مین کرکٹ شائقین،دوستوں اور عزیزو اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی، قومی ہاکی ٹیم کے چیف سلیکٹر اولمپیئن منظور جونیئر، سابق انٹرنیشنل کھلاڑی محسن رفیق بھی ان کے ہمراہ تھے ، دونوں نے عبدالقادر کے بیٹوں سے تعزیت کی اور مرحوم کی مغفرت کے لئے دعا کی، سابق ٹیسٹ امپائر خضر حیات نے بھی بیٹوں سے تعزیت کی۔