واشنگٹن،ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک،ایجنسیاں) امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے خبردار کیا ہے کہ شام سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد دمشق کیمیکل ہتھیار استعمال کرنے کے بارے میں مت سوچے ۔ انہوں نے کہا دمشق حکومت کو یہ تحریک نہیں ملنی چاہیے کہ وہ کیمیکل ہتھیاروں کا استعمال شروع کر دے ۔ تل ابیب میں صحافیوں سے گفتگو میں بولٹن نے واضح کیا کہ ایسے ہتھیاروں کے استعمال خلاف امریکی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور ایسا کوئی عمل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دسمبر میں کہا تھا کہ شام میں انتہا پسند گروہ داعش کو شکست ہو چکی ہے اور اب وہاں امریکی فوجیوں کی مزید تعیناتی کی ضرورت نہیں۔دریں اثنا موریطانیہ کے صدر 10جنوری کو شام کا دورہ کریں گے ، متحدہ عرب امارات نے دمشق کے لئے اپنی پروازیں بحال کرنے کے لئے دمشق ہوائی اڈے کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے ۔