لاہور(نامہ نگار)ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ احمد رضا بٹ نے لاری اڈہ بادامی باغ میں بارش کا پانی جمع ہونے پر ایم ڈی واسا کو مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں آگاہ کیا گیا ہے کہ واسا کا عملہ موقع پر موجود نہ ہونے کے باعث لاری اڈہ سیلاب کا منظر پیش کرتا ہے جس کے باعث نہ صرف ٹرانسپورٹروں کے کاروبار کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ شہریوں کے آنے جانے میں مشکلات اور تعفن پھیل رہا ہے ،ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ نے متعلقہ واسا ایس ڈی او اور ایکسیئن کو لاری اڈہ بادامی باغ میں ملازمین زیادہ بھجوانے کے لئے خود رابطے کئے اور موقع پر کھڑے ہو کر بارش کے پانی کو نکلوانے رہے ہیں ،اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ کا کہنا ہے کہ لاری اڈہ میں سیوریج کا بہت بڑا مسئلہ ہے اور آئندہ مون سون کی بارشوں سے نمٹنے کے لئے پہلے سے ہی بہتر انتظامات بہت ضروری ہیں جس کے لئے ایم ڈی واسا کو مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹروں کی جانب سے بھی بیشتر بار پانی کھڑے ہونے کی شکایات کی جا رہی ہیں جس پر وہ ڈی سی او لاہور کو بھی آگاہ کریں گے ۔