لاہور،اسلام آباد؍بوریوالا؍رحیم یارخان(خصوصی نمائندہ، سپیشل رپورٹر؍ خصوصی رپورٹر؍نمائندہ 92 نیوز) چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کمزور طبقے کو کوئی حقوق میسر نہیں،جس معاشرے میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی وہاں کمزور مارا جاتا ہے ، سکولوں کو ٹھیک کرنا ہو گا ،طبقاتی فرق کو ختم کرنا ہو گا، نوٹو ں کے بنڈل لے کر کچھ لوگ ووٹ خریدنے کے لئے آئینگے مگر ووٹ نہیں بیچنا ،وہ ایک دن ووٹ خرید کے پانچ سال لوٹ مار کرتے ہیں۔ بدھ کو اقلیتی کنونشن سے خطاب میں عمران خان نے کہا چھوٹا سا طبقہ ہے جو 300ارب روپے کی کرپشن کرتا ہے اور پھر چور اعظم بن کے لاہور آنا چاہتا ہے ۔بعدازاں بوریوالا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ملک میں تبدیلی اور انقلاب لانے کیلئے عوام 25جولائی کو بلے کے نشان پر مہر لگا کر تحریک انصاف کو کامیاب کرائیں، مجھے اس نئی صبح میں نیا پاکستان نظر آ رہا ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں سے مخاطب ہو کر کہا پچھلے دور میں صرف دو جماعتیں باریاں لیتی تھیں، اب ان کی اولادیں یہ باریاں لینے کیلئے تیار کھڑی ہیں، بلاول بھٹو، جس نے کبھی ایک گھنٹہ کام نہیں کیا، وہ ملک سنبھالنے کی بات کر رہا ہے ، مریم نواز شریف جو کہتی تھی کہ اس کی لندن اور پاکستان میں کوئی پراپرٹی نہیں، 6سال قبل اس کا بھائی کہتا ہے کہ الحمد اﷲ یہ سارے فلیٹ ہمارے ہیں ان کی چوری پکڑی جا چکی ہے ۔ انہوں نے کہا نواز شریف کی نا اہلی اور سزا پر شہباز شریف اور حمزہ شریف لڈو بانٹ رہے ہیں اور پانامہ کا ایشو اٹھانے پر میرا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کو ضرور عزت دو مگر چورو ں کو عزت نہ دو۔ انہوں نے مزید کہا 25جولائی کو ووٹ دیتے وقت شکلیں نہیں دیکھنی، عمران خان کے نظریے کو ووٹ دے کر تحریک انصاف کو کامیاب کروانا ہے ۔رحیم یار خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا شریف برادران اپنے آخری انجام کوپہنچ چکے ،اڈیالہ جیل کے بعد ملکی خزانے کولوٹ کوبیرون ملک لے جائی گئی دولت بھی واپس لاناپڑے گی، احتساب کی باری اب زرداری کی ہے ،آئندہ حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی جوحقیقی عوامی دورہوگا۔عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام میں کل اسلام آباد میں اپنے حلقہ کے دورہ کے موقع پر عوام کو سڑکوں پر نکلنے کی ہدایت کی ہے ۔دریں اثناء عمران خان سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بنی گالا میں ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال اور انتخابات پر مشاورت کی جبکہ شیخ رشید نے 22جولائی کے لیاقت باغ جلسے کی کپتان کو یاددہانی بھی کرائی۔مزیدبرآں عمران خان آج اپنے انتخابی حلقے این اے 131میں پہلا جلسہ کریں گے ،صوبائی دارلحکومت میں پارٹی قیادت نے پارٹی چیئرمین کی آمد سے قبل انکے حلقے میں مہم کو تیز کر دیا ،عمران خان تک یہ اطلاعات پہنچ رہی تھیں انکے حلقے میں انتخابی مہم کو سنجیدگی سے نہیں چلایا جا رہا اور پارٹی کے چند سابق رہنما اور سابق خواتین رہنما ہی ابھی تک کچھ مہم چلانے میں مصروف ہیں۔عمران خان سے مسلم کانفرنس آزاد کشمیر کے صدر سردار عتیق نے بھی ملاقات کی اور تحریک انصاف کی حمایت کرتے ہوئے ملک میں موجود اہل کشمیر کوتحریک انصاف کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔