لندن( نیٹ نیوز ) برطانیہ کے وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے کہا ہے کہ صحافیوں کا استحصال کرنے والے ممالک کو سفارتی قیمت ادا کرنی چاہیے ۔میڈیا کی آزادی پر ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لبرل جمہوریتوں کو ہماری تعلیمات کی مشق بھی ضرور کرنی چاہیے ۔ جیریمی ہنٹ نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل، چین اور ویتنام میں کارکنوں کی حراست اور میکسیکو میں رپورٹرز کے قتل کو اٹھایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ساتھ کام کریں تو ہم استحصال پر نظر رکھ سکتے ہیں اور وہ جو صحافیوں کو نقصان پہنچاتے یا انکو ان کے فرائض انجام دینے سے روکتے ہیں ان پر سفارتی قیمت کا نفاذ کرسکتے ہیں۔اس موقع پر جب ان سے جعلی خبروں کیلئے میڈیا پر امریکی صدر کے حملوں سے متعلق پوچھا گیا تو جیریمی ہنٹ نے کہا کہ میں اس سے اتفاق نہیں کرتا۔اس موقع پر کینیڈین وزیر خارجہ کرسٹیا فری لینڈ کا کہنا تھا کہ جب آپ اکیلے نہ ہو ں تو بولنا آسان ہوتا ہے ۔