لاہور(خصوصی نمائندہ)گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں کیں جن میں کرونا کیخلاف اقدامات پرغورکیا گیا جبکہ گورنر پنجاب نے پمز ہسپتال میں کرونا ٹیلی میڈیسن ہیلپ کال سنٹرکا افتتاح کر دیا۔گزشتہ روزگور نر ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گور نر پنجاب نے صدر سے ایوان صدر اور وزیر اعظم سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور انکو گور نر پنجاب ٹیلی میڈیسن ہیلپ لائن کال سنٹراور لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں اور میڈیکل کالجز و یونیورسٹیز میں بنائے جانیوالے ٹیلی میڈیسن سنٹرزاور ان میں دی جانیوالی سہولتوں اور کروناسے متاثرہ افراد اور انکے خاندانوں کو مفت راشن کی فراہمی اور دیگر اقدامات کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب اور آزادکشمیر میں ٹیلی میڈیسن سنٹر زکی تعداد32سے زائد ہوچکی ہے اور مزید سنٹرزکیلئے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کا ایک ہزار ارب روپے کا معاشی پیکیج اس بات کا ثبوت ہے کہ انکی قیادت میں حکومت عوام کی فلاح و بہبود اوربہتری کیلئے بھر پور اقدامات کررہی ہے ۔ گور نر پنجاب ٹیلی میڈیسن ہیلپ لائن کال سنٹرمیں 24گھنٹوں میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے 20ہزار سے زائد فون کالز موصول ہوئی ہیں۔ کروناکو شکست دینے کا واحد راستہ حفاظتی تدابیر پر عمل ہی ہے اسلئے سب حفاظتی تدابیر پر مکمل عمل کر یں۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت بھی عوام کو تمام تر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیگی۔