صوابی(نمائندہ92نیوز) صوابی پولیس نے پنجاب کے علاقہ حضرومیں کارروائی کرکے 7کروڑ روپے تاوان کیلئے اغوا کئے گئے پاکستانی نژاد بر طانوی شہری سمیت تین مغویوں کو بازیاب کر لیا ہے ۔ بازیاب ہونے والے صوابی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد برطانوی شہری راشد خان نے پولیس کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ اسے لاہورسے 27جون کو نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔راشد خان نے بتایا کہ اغوا کاروں نے اس سے بینک چیکس اور سٹامپ پیپرز پر زبردستی دستخط بھی لئے ، انہوں نے کہاکہ صوابی پولیس اگر بر وقت کارروائی نہ کر تی تو ہمیں قتل کرنے کے لئے کسی اور جگہ منتقل کیا جارہا تھا، انہوں نے کہا کہ ان کی رہائی میں بر طانوی ہائی کمیشن نے بھی تعاون کیا جس پر بر طانوی حکومت کا شکریہ ادا کر تاہوں۔