اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نامہ نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے طبی بنیادوں پر سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی ضمانت کی درخواست مستردکرتے ہوئے میڈیکل چیک اپ کیلئے بورڈ بنانے کا حکم دیدیا ۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اﷲ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ فیصل رضا عابدی کے پیشاب میں خون آرہا ہے ،وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کی تشویشناک حالت کے پیش نظرمیڈیکل بنیادوں پر بعد ازگرفتاری ضمانت منظور کی جائے تاہم عدالت نے ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ۔ عدالت نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز ) کے ایم ایس کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔ادھرانسداد سائبر کرائم کورٹ میں سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت معاملہ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہونے کے باعث بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی ۔ بدھ کوکیس کی سماعت انسداد سائبر کرائم عدالت کے جج طاہر محمود نے کی ۔ عدالت نے کیس کی سماعت بغیر کارروائی آج جمعرات تک ملتوی کر دی۔