اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستان میں طلباء یونینز پرتشدد ہو گئی ہیں اور کیمپس کا تعلیمی ماحول تباہ کرتی ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ یونیورسٹیاں ملک میں مستقبل کے رہنما تیار کرتی ہیں جبکہ طلبا تنظیمیں مستقبل کے لیڈرز بنانے میں اہم ہوتی ہیں، بدقسمتی سے پاکستان میں طلبا یونینز پرتشدد ہوگئی ہیں اور کیمپس کا تعلیمی ماحول تباہ کرتی ہیں۔عمران خان نے کہا ہم بین الاقوامی جامعات کی بہترین مثالوں سے استفادہ کرتے ہوئے ایک جامع اور قابلِ عمل ضابطہ اخلاق متعارف کرائیں گے تاکہ طلبا یونین کی بحالی اور سرگرمی شروع ہو اور وہ ملک کی نوجوان نسل کو سنوارنے اور مستقبل کے رہنماؤں کی فراہمی میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکے ۔