کراچی(کامرس رپورٹر )رواں مالی سال 2019 کے اختتام تک عالمی حلال مارکیٹ کا حجم 1.5کھرب ڈالر تک بڑھ جائیگا جبکہ 2023 تک حجم 2کھرب ڈالر تک بڑھنے کا امکان ہے ۔ 2010 میں حلال مارکیٹ کا حجم 635 ارب ڈالر رہا تھا۔ حلال مارکیٹ کے تیزی سے پھیلائو کے لئے بھرپور استفادہ کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے ۔اقتصادی تجزیہ کار محمد اشرف نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ حلال مارکیٹ میں حلال خوراک کا حصہ سب سے زائد ہے اور 2017 میں عالمی حلال خوراک کا حجم 1.3کھرب ڈالر تھا جو 2023 تک 1.8کھرب ڈالر تک بڑھنے کی توقع ہے ۔ اسی طرح اس عرصہ کے دوران حلال فارماسیو ٹیکلز کی عالمی مارکیٹ 87ارب ڈالر سے 131ارب ڈالر تک بڑھنے کا امکان ہے اور حلال کاسمیٹکس کی عالمی مارکیٹ کا حجم 61 ارب ڈالر سے 90 ارب ڈالر تک بڑھ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں 1.8ارب مسلمان آباد ہیں جن کی آبادی غیر مسلم آبادی کے مقابلہ میں دو گنا اضافہ سے بڑھ رہی ہے ۔