اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہاہے کہ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں کی جانے والیانسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے ۔گزشتہ روزترجمان دفترخارجہ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 30 اور 31 مئی کو پاک بھارت سندھ طاس آبی کمشنرز کا نئی دلی میں اجلاس ہوا، فریقین نے سندھ طاس معاہدے کی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سندھ طاس آبی کمشنرز کے اجلاس میں اپنے تحفظات پیش کئے ، 28 مئی کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے تھے ، 29 مئی کو پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن دستوں کی تقریب میں شرکت کی۔انہوں نے کہا ہے کہ ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی تقریبات کے حوالے سے برطانوی ہائی کمیشن کے ساتھ مل کر بیکن لائٹ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں، ایک خود ساختہ فیصلے کے تحت حریت رہنما یاسین ملک کو سزا سنائی گئی، پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتاہے کہ وہ بھارت میں دبائوڈال کر مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے ۔