لاہور( آن لائن ) لیجنڈری قومی لیگ سپنر عبدالقادر کی ملک سے محبت کی ایک اور مثال سامنے آگئی ہے ۔گگلی ماسٹر کے گھر میں ایک کمرے کی ہر چیز پر قومی پرچم بنا ہوا تھا ، اس کمرے کی ٹیبل سے لے کر پردوں تک اور کرسی سے لے کر تصویروں تک سے پاکستانی پرچم کے رنگ نمایاں ہیں۔ عبدالقادر کے بیٹے سلمان قادر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے لیے جیت کے جذبے سے کھیلتے تھے ،ملک کی محبت ان کے دل میں سمائی ہوئی تھی،انہوں نے اپنے آخری انٹر ویو میں بھی کہا تھا کہ وہ جہاد کے لیے تیا ر ہیں ۔یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم کے سابق عظیم لیگ سپنر عبدالقادر 6ستمبر کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث 63 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے ۔منفرد ایکشن کے مالک سابق لیگ سپنر کو اپنے دور میں خطرناک بالر تصور کیا جاتا تھا ، انہوں نے بطور کھلاڑی پاکستان کو متعدد مرتبہ کامیابیاں دلائیں۔عبدالقادر نے 2009 میں قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر کی حیثیت سے بھی اپنی خدمات انجام دیں اور ان کی منتخب ٹیم نے ورلڈ ٹی ٹونٹی چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔