لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایک دن میں تین اضلاع کے دورے کئے اوررمضان بازاروں، ہسپتالوں سمیت دیگر پراجیکٹس کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور سے روانگی کے بعددوران سفر پائلٹ کو ہیلی کاپٹر بھکر کے بجائے رخ بدلنے کی ہدایت کی اورہیلی کاپٹر اچانک نور پور تھل میں اتروا لیااور اچانک دورہ کیا،وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے نورپور تھل میں رمضان بازار کا دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کے نرخ اور معیار کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نور پور تھل سے بھکر کی تحصیل منکیرہ پہنچ گئے ،منکیرہ آمد کے فوراً وزیراعلیٰ نے رمضان بازار کا رخ کیا اورسٹالوں کا دورہ کر کے اشیاء کے نرخ اورمعیار چیک کیا، بعدازاں وزیراعلیٰ نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منکیرہ پہنچ کر مختلف وارڈز اورشعبے دیکھے ،وزیراعلیٰ نے مریضوں کی مزاج پرسی اوردعائے صحت کی،وزیراعلیٰ نے مریض سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نہیں عوام کا خدمت گار ہوں،صحت کے شعبہ میں تمام خرابیاں اورخامیاں دور کریں گے ،وزیراعلیٰ نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایم روڈجلد تعمیر کی جائے گی،13بارانی اضلاع میں کاشتکاروں کو بلاسود ٹریکٹر فراہم کررہے ہیں، عوام کے مسائل جاننے کیلئے عوام کے پاس پہنچ رہا ہوں،منکیرہ کے بعد وزیراعلیٰ فیصل آباد پہنچ گئے اورفیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کر کے مختلف شعبے دیکھے ،اس موقع پر وزیراعلیٰ نے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں توسیع کا اعلان کردیا،بعدازاں ،وزیراعلیٰ نے فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے آفس کا دورہ کیا اورفیصل آبادچیمبر آف کامرس کے عہدیداروں،تاجروں اور صنعتکاروں سے ملاقات کی،صنعتکاروں اورتاجر برادری نے وزیراعلیٰ کو مسائل،تجاویز اورسفارشات سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ کی ہمدردانہ غور کی یقین دہانی کرائی، قبل ازیں سرکٹ ہاؤس فیصل آباد اور کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے فیصل آباد میں مزید ہسپتالوں کا قیام ناگزیرہے ،عید کے بعد فیصل آباد کا تفصیلی دورہ کیا جائے گا،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کشمور کے نزدیک انڈس ہائی وے ٹول پلازہ پر مسافر وین میں سلنڈر دھماکے سے قیمتی انسانی جانو ں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔