لاہور(صباح نیوز)سابق وزیرریلوے اور مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سعدرفیق نے رحیم یار خان ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگوںنے ٹرین میں سفر کرنا بند کردیا تو ترقی کیسے ہوگی؟اپوزیشن حکومت گرانا نہیں چاہتی،جب حکومت بدلتی ہے تو ہم جیل چلے جاتے ہیں، یہ کوئی نئی بات نہیں ،حکومت ہر طبقے کے ساتھ حالت جنگ میں آچکی ہے ، کیا اس طرح ملک چل سکتا ہے ؟ احتساب عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا روزانہ گاڑیاں پٹڑیوں سے اتر اور ٹکرارہی ہیں،لوگوں نے ٹرین میں سفر کرنا بند کردیا تو ترقی کیسے ہوگی۔انہوں نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا عمران خان ایک سال میں ملک کو 5 سال پیچھے لے گئے ، مہنگائی سے ہر طبقہ پریشان ہے ،کل کراچی میں تاجروں کی وزیراعظم سے ملاقات بے سود رہی،وزیراعظم تاجروں کو مطمئن نہیں کرسکے ،سیاسی درجہ حرارت بڑھ رہا ہے ، ایسے ملک نہیں چل سکتا۔