کوٹری، حیدرآباد( نمائندہ 92 نیوز، بیورورپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر سندھ ،بلوچستان،جنوبی پنجاب،کے پی کے اورپنجاب کے عوام نے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے باعث اسلام آبا دپر چڑھائی کا فیصلہ کیا تو یہ فیصلہ عمران خان کے اقتدار کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، عمران خان تو کٹھ پتلی اور بے نامی وزیراعظم ہے ،ماضی میں بھی بہت سے فرعون آئے نہ ہم ان سے ڈرے تو یہ خان صاحب کیا چیز ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹری میں حکومت سندھ کی جانب سے تعمیر کیے جانے والے فلائی اوور برج کا افتتاح کرنے کے بعد سچل گرائونڈ پر منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو حکومت صرف دھاندلی کی وجہ سے ملی ہے وہ ہم سے منصفانہ انتخابات میں جیت نہیں سکتے وہ ہمارے کام کا مقابلہ نہیں کرسکتے عوامی خدمت کا مقابلہ نہیں کرسکتے وفاق کی سلیکٹیڈ وزیر اعظم اور پنجاب کا بزدار سندھ کے مراد علی شاہ کا مقابلہ نہیں کرسکتے ہیں تو پھر سازش کے تحت ہمیں نکالنا چاہتے ہیں پہلے بھی ناکام ہوئے ہیں اب بھی ناکام ہونگے ۔آپ کی آنکھوں پر غرور کی پٹی چڑھی ہوئی ہے ،میں پوچتھا ہوں سندھ کے عوام کو کس جرم کی سزا دی جارہی ہے ، صرف اس لئے کہ انہوں نے اپنے ووٹ چوری ہونے نہیں دیے ، اگر یہ بات ہے تو پھر یاد رکھواگر سندھ کے عوام نے اسلام آباد کی طرف چڑھائی کا فیصلہ کرلیا اگر بلوچستان کے عوام نے احساس محرومی کی وجہ سے اسلام آباد کی طرف چڑھائی کا فیصلہ کرلیا اگر جنوبی پنجاب نے اپنا حق لینے کے لئے اسلام آباد پر چڑھائی کا فیصلہ کرلیا اگر پنجاب کی عوام نے انکی نااہلی کی وجہ سے اسلام آباد کی طرف چڑھائی کا فیصلہ کرلیااگر پختونخواہ کے عوام نے انسانی حقوق کی پاسداری کے لئے اسلام آباد کی طرف چڑھائی کا فیصلہ کرلیا تو تمہاری جعلی حکومت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں گے ۔میں کہتا ہوں تم ہمارے صبر کا امتحان مت لوتم سے پہلے بھی بہت سے فرعون آئے ان کے انجام سے سبق سیکھو ،پیپلزپارٹی کے جیالوں کو مت للکاروں اگر تم باز نہ آئے توپھر تمہیں سیکھائیں گے کہ ووٹ کی چوری کا بدلہ کیسے لیا جاتا ہے ۔