اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عوام نے عام انتخابات میں کرپشن کی لعنت سے نمٹنے کا واضح مینڈیٹ دیا ہے ،ہم اس کاوش میں بین الاقوامی برادری کی حمایت کے خواہاں ہیں، پاکستانی حکومت سرمایہ کار دوست اور کاروبار میں آسانی کا ماحول فراہم کرنے کے عزم پر کاربندہے ،سی پیک روٹ کے ساتھ خصوصی اقتصادی زونز میں دولت مشترکہ کی شراکت داری کا خیرمقدم کرینگے ۔ انہوںنے لندن میںدولت مشترکہ کے اجلاس سے خطاب میںکہاعام انتخابات کو یورپین یونین اور کامن ویلتھ کے مانیٹرز نے آزادانہ اور شفاف قرار دیا ،پاکستان میں دوسرے کئی اسلامی ممالک کے مقابلے میں حقیقی جمہوریت موجود ہے ،پارلیمنٹ میں خواتین کی نمائندگی خاصی زیادہ ہے ، قومی اسمبلی میں 68 جبکہ سینٹ میں 18 منتخب خواتین موجود ہیں، ہم نے اقلیتوں کی نمائندگی یقینی بنانے کیلئے 5فیصد خصوصی کوٹہ مختص کیا ،11 اگست کو اقلیتوں کے دن کے حوالے سے منایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان 2.7 ملین افغان مہاجرین کو پناہ دیئے ہوئے ہے جو کہ مہاجرین کے حوالے سے دنیا بھر میں بہت بڑا نمبر ہے ،ہم بڑھتی درآمدی حوصلہ شکنی کے ماحول میں تجارت، سرمایہ کاری، تخلیق اور رابطے پر یقین رکھتے ہیں،ہماری پالیسیوں کا محور عوام ہیں، ہم خطے میں امن اور استحکام پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا پاکستان نے سیاسی اور فوجی کارروائیوں کے ذریعے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں حاصل کیں، دہشتگردی کے قلع قمع اور انتہاء پسندی کی لہر کو شکست دینے کیلئے 20نکات پر مبنی قومی حکمت عملی مرتب کی گئی ، ہم نے مالیاتی سقم (منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت) کی پڑتال کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ۔ قبل ازیںشاہ محمود قریشی دولت مشترکہ کے مرکزی سیکرٹریٹ پہنچنے جہاںانہوںنے پاکستان ہائی کمیشن کی طرف سے لگائی گئی تصویری نمائش کا معائنہ کیا ۔ وزیر خارجہ نے دولت مشترکہ سیکرٹریٹ میں دیگر ممبر ممالک کے وزرائے خارجہ سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی کیں اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔