لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے ،مہنگائی ، بے روزگاری کے مسائل حل نہ ہوئے تو حکمرانوں کو گھر بھیج کر دم لیں گے ۔ اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی معاشی حکمت عملی صرف زیادہ سے زیادہ قرضے لینے پر مرکوز ہے ، ملک کی خود انحصاری کیلئے ایک قدم نہیں اٹھایا ۔ ملک معاشی اور نظریاتی زوال کے تلخ دور سے گزر رہا ۔پی ٹی آئی کو عوامی مسائل کا ادراک نجانے کب ہوگا ۔ حکومت کو ترقی کی ایک اینٹ لگانا بھی نصیب نہیں ہوئی ۔ سابق حکمرانوں نے قوم کو زخم دیئے موجودہ نے انہیں ناسور بنادیا۔ سیاسی جماعتیں حالات کی نزاکت کاادراک نہیں کر رہیں ۔ 73 سالوں سے عوام کی گردنوں پر سوار اشرافیہ نے ملکی وسائل کیساتھ کھلواڑ کیا ، تبدیلی کے نعرے لگانے والے بھی صرف تیس ماہ میں ہی رسوا ہو گئے ۔ جماعت اسلامی عوام کے دکھوں کا مداوا چاہتی ہے ۔علاوہ ازیں سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے بیان میں کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کیخلاف کل بہاولپور میں بھر پور عوامی جلسہ ہوگا جس سے سراج الحق کلیدی خطاب اور قبل ازیں مہنگائی کیخلا ف مارچ کی قیادت کرینگے ۔وہ جنوبی پنجاب کے دو روزہ دورہ کے دوران ملتان میں بھی عوامی وفود و پارٹی کارکنان سے ملاقاتیں کریں گے ۔