لاہور(رپورٹ: قاضی ندیم اقبال)عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے ’’آئی بی ایم کمیٹی اور ایم یو بی ‘‘ کے ذمہ داروں کو خصوصی احکامات جاری کر دئیے گئے ، انتظامیہ کے ہاتھ مضبوط بنانے ، میلاد جلوسوں، میلاد کانفرنسز کے انعقاد کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کا پابند بنا دیا گیا۔مصدقہ ذرائع کے مطابق پنجاب بھر میں میلاد مصطفی ﷺ کانفرنسز اور میلاد مصطفی ﷺ جلوسوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے ، بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کا حامل بنانے کے علاوہ ان میں شامل شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کیلئے صوبائی وزیر قانون راجہ محمد بشارت اورصوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ نے مشترکہ طور پر حکمت عملی ترتیب دی ہے ، اس با ت کا از سر نو اعادہ کیا گیا کہ پنجاب بھر میں موجود کمیٹیوں میں شامل علماء مشائخ کو ہر صورت ساتھ لیکر چلا جائے ،اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب اور متحدہ علما بورڈکے ذمہ داروں ، ممبران کو خصوصی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ آئی بی ایم کمیٹی پنجاب کے اضلاع ، تحصیل کی سطح پر موجود سیٹ اپ کو متحرک کیا جائے ، تمام علماء مشائخ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ حسب سابق تعاون کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکے ۔