لاہور(نمائندہ خصوصی سے ، اپنے رپورٹر سے ، سٹاف رپورٹر ،این این آئی ) عید میلادالنبیﷺ کل مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منا ئی جائیگی ،اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل منعقد کی جائیں گی ، سیمینارز اور کانفرنسز منعقد ہوں گی ،جشن عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں ملک بھر کے گلی ،محلوں او ر بازاروں کو خوبصورت روشنیوں ،برقی قمقموں اورسبز جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے ۔ لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی ،مرکزی میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبی ﷺ کی خوشی میں لاہور کا سب سے بڑا مشعل بردار جلوس آج شام 5بجے داتا دربار سے ریگل چوک تک نکالا جائے گا، کیک کے وسیع پیمانے پر آرڈرز دے دئیے گئے جبکہ نیاز بانٹنے کیلئے کیٹرنگ اور پکوان سنٹرز پر بکنگ کر لی گئی۔ سجاوٹ کے سامان کی خریداری کیلئے گزشتہ روز بھی انار کلی بازار سے ملحقہ گنپت روڈ پر شہریوں کا بھرپور رش رہا۔ سنی تحریک کے زیر اہتمام مشعل بردار میلاد ریلی نکالی گئی ۔ریلی سبزی منڈی سے شروع ہو کر داتا دربارپہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ۔ ضلعی صدر شریف الدین قذافی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وجہ تقلید کائنات محمد مصطفی ﷺ کا یوم ولادت شایان شان طریقے سے منائینگے ،عاشقان رسولؐ جلوسوں میں شرکت کو یقینی بنائیں ۔