لاہور(اپنے رپورٹر سے )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ ونگ کے عملے نے انفورسمنٹ سٹاف کے ہمراہ کینال روڈ کے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرکے متعدد عمارتیں مسمار اور سربمہر کر دیں۔ موضع ہربنس پورہ میں غیر قانونی طور پر تعمیر کی جانے والی دکانوں کے پلر مسمار کردیئے ۔ کینال روڈ ہربنس پورہ پر غیرقانونی تعمیر کی جانے والی مار کی ، مین کینال روڈ پر غیر قانونی زیر تعمیر دکانیں مسمار کر دی گئیں۔ سوک سینٹر سبزہ زار میں پلاٹ نمبر 41 پر غیر قانونی کمرشل ہال تعمیر کرنے کیلئے بنائے جانے والے پلر اور شٹرنگ ،پلاٹ نمبر 645 بلاک پی سبزہ زار پر غیر قانونی تعمیر کی جانے والی 9 دکانیں ، پلاٹ نمبر 9 بلاک بی سبزازار پر غیر قانونی تعمیر کیا جانے والا سیکنڈ فلور مسمار اور کمرشل مقاصد کیلئے زیراستعمال عمارت کاایک حصہ سر بمہر کر دیا گیا۔ دریں اثنا ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے نابھہ روڈ، جی پی او چوک، میکلوڈروڈ، نکلسن روڈ، سلطان پورہ اور جی ٹی روڈ پر منصوبے سے متعلق زیر تکمیل کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پرانی انارکلی سے بارشوں کے پانی کے اخراج کیلئے بنائی جانے والی ڈرین کا تعمیراتی کام10 دن کے اندر اندر مکمل کیا جائے ۔اورنج لائن ٹرین روٹ کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی مرمت و بحالی‘ فٹ پاتھوں کی تعمیر‘ پارکنگ کیلئے جگہوں کی تیاری‘ روڈ ڈرینیج کی تعمیر اور دیگر کام 30جون تک مکمل کر لئے جائیں۔جی ٹی روڈ پر انجینئرنگ یونیورسٹی کے قریب پیدل سڑک پار کرنے والوں کیلئے اوورہیڈبرج کی تعمیر کا کام جلد شروع کیا جائے ۔