مکہ ، ریاض( 92 نیوز رپورٹ ،این این آئی) امام کعبہ شیخ بندر بن عبدالعزیز نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اے لوگو! اللہ تعالی سے ڈرتے رہو، پرہیز گاری اختیار کرو اور اپنی نمازوں کی حفاظت کرو ،ہمارے نبی ؐ نے فرمایا جس علاقے میں طاعون پھیلے لوگ وہاں سے باہر نہ نکلیں،مصائب اور آزمائشوں پر صبر کرو، آپس میں مساوات اور ہمدردی کے تعلقات قائم کرو، اﷲ کی عبادت کرو اور والدین کے ساتھ احسان کے ساتھ پیش آؤ،اﷲ کی رضا کے لیے ایک دوسرے کو معاف کرو،بے شک اﷲ احسان کرنے والوں کو پسند اور تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا، اللہ زمین پر فساد کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا، قرآن میں فرمایا گیا ہے کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقے میں نہ پڑو ،عاقبت مومنین کے لئے ہے ، اﷲ کسی کی محنت ضائع نہیں کرتا۔ پیر کو سعودی عرب میں حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے دوران شیخ بندر بن عبد العزیز بلیلہ نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ امت کو چاہیے ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے ، خود پر ظلم کرنیوالوں کیلئے توبہ کا دروازہ کھلا ہے ، اللہ کی رحمت سے وہی مایوس ہوتا ہے جو گمراہ ہو چکا ہو، لوگوں کے ساتھ احسان کرو، بھلائی کے ساتھ پیش آؤ، آپس میں مساوات اور ہمدردی کے تعلقات قائم کرو، اپنے والدین کے ساتھ احسان کرو ، بے شک اﷲ تعالیٰ تکبر کرنے والوں اور اترانے والوں کو پسند نہیں فرماتا، جو تم وعدہ کرو اسے پورا کرو، جب تم جانور کو ذبح کرو تو اچھے طریقے سے ذبح کرو کہ اسے تکلیف کم سے کم پہنچے ۔آپس میں عداوت اور نفرت کو ختم کرنا چاہیے ۔ دریں اثناء 60 ہزار عازمین کے قافلے نماز فجر کے بعد منی ٰسے میدان عرفات پہنچے ، عازمین نے حج کا رکنِ اعظم وقوف عرفہ ادا کیا اور سورج غروب ہونے تک عبادت کی ،حجاج نماز مغر ب ادا کیے بغیر میدان عرفات سے مزدلفہ کے لیے روانہ ہوئے ، جہاں حجاج نے مغرب اورعشا کی نمازیں ایک اذان اور دو تکبیروں کے ساتھ ادا کی، رات مزدلفہ میں گزاری، حجاج یہاں فجر تک قیام کر نے کے بعدقربانی سے قبل شیطان کو کنکریاں ماریں گے ۔علاوازیں حج ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے 147 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب مسجد الحرام آنے والوں کے لیے 500 سینیٹائزنگ یونٹس نصب کیے گئے ، 11 سینیٹائزر روبوٹس کے علاوہ 20 بائیو کیئر آلات بھی لگائے گئے ہیں۔