اسلام آباد؍ لاہور(خصوصی نیوز رپورٹر؍کامرس رپورٹر ؍ این این آئی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن اصولی کی بجائے چندہ وصولی کی سیاست کر رہے ہیں اورضد، ہٹ دھرمی اور وزیر اعظم سے ذاتی عنا پر مبنی بیانیہ کو لیکر چل رہے ہیں،احتجاج مولانا فضل الرحمان کا حق ہے مگر وقت غلط ہے ، اس لئے ہوش کے ناخن لیں ،اس وقت اقتدار کی محرومی والے لوگ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کھڑے ہیں،پاکستان سے محبت کرنے والے کبھی بھی ذاتی ایجنڈے کے ساتھ کھڑے نظر نہیں آئیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن( اپٹما )کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اپٹما کے گروپ لیڈر گوہر اعجاز ،چیئرمین ٹیکسٹائل انڈسٹری ٹاسک فورس احسن بشیر بھی موجو د تھے ۔انہوں نے کہا آج وہ اپٹما میں یہ باور کرانے آئی ہیں کہ وزیر اعظم آپ لوگوں کے ترجمان ہیں اور ہر اجلاس میں تاجروں کے مسائل پر مختلف محکموں کو احکامات جاری کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوچنے والی بات ہے کہ بھارتی ٹی وی چینل مولانا فضل الرحمان کے بیانیہ کو نشر کر رہے ہیں۔اپٹما کے گروپ لیڈر اعجاز نے کہا پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری ایک بڑی صنعت ہے جس سے ایک کروڑ لوگ وابستہ ہیں اور آج ہمیں بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہماری رجسٹرڈ 106 کمپنیوں نے ایک سال میں 32 فیصد ایکسپورٹ میں اضافہ کیا،13 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ میں سے ایک ارب ڈالر منافع کمایا جبکہ حکومت کو 40 ار ب روپے ٹیکس ادا کیا ،ہم پاکستان کی ایکسپورٹ انڈسٹری کو 26 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں جس سے مزید30 لاکھ نوکریاں بھی پیدا ہوں گی۔علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اورچین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کی گرمجوشی سے ملاقات کا انداز آئرن برادرز کی عظیم دوستی کا مظہر ہے ، یہ دوستی خطے اور دنیا میں ایک مثال اور امن وترقی کی علامت ہے ، وزیراعظم عمران خان کی عظیم عوامی ہال آمد پر چین کے وزیراعظم کی جانب سے پرتپاک استقبال دونوں سدابہار دوستوں کے لازوال اور گہرے رشتے کا درخشاں باب ہے ، ملاقات میں مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال اور انسانی بحران پر گفتگو اس بات کی آئینہ دار ہے کہ عمران خان ہر محاذ پر کشمیریوں کے حق کیلئے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ مزیدبرآں فردوس عاشق اعوان سے صحافتی تنظیموں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔وفد میں پی ایف یو جے کے جنرل سیکرٹری راناعظیم، پی یو جے کے صدر شہزاد بٹ، ممبر لاہور پریس کلب شاہد چودھری، صدر ایمراا ٓصف بٹ اور جنرل سیکرٹری سلیم شیخ شامل تھے ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے ، سرکاری اشتہارات کے اجرا کی ایک نئی پالیسی لارہے ہیں۔