ممبئی(شوبز ڈیسک) فلم ’ منٹو ‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے پر لئے گئے معاوضے پر اداکار نواز الدین صدیقی نے سب کو حیران کردیا کیونکہ انہوں نے صرف ایک روپیہ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔ بالی وڈ اداکار نواز الدین صدیقی اپنی جاندار اداکاری اور کردار میں ڈھل جانے کے باعث شہرت رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں ور سٹائل اداکار کہا جاتا ہے ۔نواز الدین صدیقی نے نامور افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار کیا ہے اور فلم کے ٹریلر اور ڈائیلاگز پروموز کو فلم بینوں نے بے حد سراہا ہے ۔فلم کی ہدایت کارہ نندیتا داس کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ فلم ’ منٹو ‘ کے لیے رشی کپور اور جاوید اختر نے ایک پیسہ بھی وصول نہیں کیا ہے جب کہ فلم میں سعادت حسن منٹو بننے والے نواز الدین صدیقی نے اس کردار کیلئے صرف ایک روپیہ معاوضہ لیا ہے ۔