لاہور(شوبز ڈیسک) اداکا ر ہ صبا قمر نے سرمد سلطان کھوسٹ کو ان کی نئی فلم ’’زندگی تماشا‘‘ کے بوزان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں سکریننگ کے لیے منتخب ہوجانے پر مبارکباد دی ہے ۔سوشل میڈیا پر سرمد سلطان کھوسٹ کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں صبا قمر نے کہا کہ وہ انہیں دوست سے زیادہ فیملی کی طرح سمجھتی ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں سرمد کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا: ’’مجھے فخر ہے کہ تم پیسہ کمانے کے لیے فلم نہیں بناتے بلکہ شوبز انڈسٹری میں کچھ کر دکھانے کے لیے فلم بناتے ہو… اور تم اپنی فلمیں دل و جان سے بناتے ہو۔ اللہ تمہیں وہ ساری کامیابی دے جس کے تم حقدار ہو۔‘‘بوزان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ہر سال جنوبی کوریا کے شہر بوزان میں منعقد ہوتا ہے جہاں اسکریننگ کے لیے دنیا بھر کے ڈائریکٹرز اور پروڈیوسرز اپنی فلمیں جمع کرواتے ہیں جن کی تعداد عموماً سیکڑوں میں ہوتی ہے ۔ ان میں سے صرف چند فلمیں ہی اسکریننگ کے لیے منتخب ہو پاتی ہے ۔ اس لحاظ سے یہ عالمی سطح پر پاکستانی فلم انڈسٹری کی بہت اہم کامیابی ہے ۔