اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے فوجی عدالتوں کی توسیع سے متعلق اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے حکمت عملی تیار کر لی،ذرائع کے مطابق حکومت نے فوجی عدالتوں کی توسیع کیلئے اپوزیشن سے مذاکرات کا ٹاسک وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک کو سونپ دیا،شاہ محمودقریشی اورپرویز خٹک مذاکرات میں اپوزیشن جماعتوں کو فوجی عدالتوں میں توسیع پر قائل کرینگے ، حکومتی کمیٹی وزیراعظم کو تمام صورت حال سے آگاہ رکھے گی، پہلے مرحلے میں بڑی سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا،اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات آئندہ ہفتے سے شروع کیے جائیں گے ، مذاکراتی ٹیم سے متعلق پارلیمانی پارٹی کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا،مذاکرات کے بعدکمیٹی وزیراعظم کو رپورٹ پیش کریگی۔