فیصل آباد(سپیشل رپورٹر) گلستان کالونی میں دھماکے سے دو رہائشی مکانات منہدم ہوگئے ہیں خاتون جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے ۔ ابتدائی تحقیقات میں دھماکہ کی وجہ گیس لیکج قرار دی گئی ہے تاہم دھماکہ کی شدت کے پیش نظر دیگر پہلوؤں پر بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گلستان کالونی کے علاقہ احمد آباد میں زور داردھماکے کے بعد دو رہائشی مکانات منہدم ہو کر ملبے کا ڈھیر بن گئے جبکہ ملحقہ دو مکانات کا بھی کچھ حصہ گر گیا۔ دھماکہ میں پانچ افراد متاثر ہوئے ۔ 70سالہ گھریلو ملازمہ رضیہ کا جسم 90فیصد جھلس گیا تھا جو الائیڈ ہسپتال میں دوران علاج جاں بحق ہوگئی جبکہ 24سالہ علی حسن کا 40فیصد جھلس گیا جس کی حالت تشویشناک ہے عمارت کے ملبے تلے آکر تین بچے بھی معمولی زخمی ہوئے ہیں متاثرہ بچوں کو ریسکیو آپریشن کے بعد ملبہ سے باہر نکالا گیا اور موقع پر ہی طبی امداد دی گئی۔ ریسکیو نے دھماکہ کی وجہ گیس لیکج کو قرار دیا تاہم سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ ان کے پاس گیس لیکیج کی کوئی شکایت نہیں تھی۔ ایس ای او سوئی نادرن گیس محمد آصف کا کہنا تھا کہ گیس لیکج سے اس شدت کا دھماکہ نہیں ہو سکتا۔ دوسری طرف سی پی او اظہر اکرام نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں دھماکہ گیس لیکج کی وجہ سے ہوا تاہم گیس دھماکہ کے علاوہ دیگر پہلووں کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ملبہ ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا ،کام تاخیر سے شروع کرنے پر متاثرہ گھروں کے رہائشی افراد نے احتجاج بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر افسر فوٹو سیشن کے بعد موقع سے چلے گئے ۔