لاہور(سٹاف رپورٹر) جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ 11 ستمبر قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کا یوم وفات قوم آج ایسے وقت میں منا رہی ہے جب مقبوضہ کشمیر لہو لہو ہے ۔ آج پاکستان کو ایک بار پھر قائد اعظم جیسے عظیم رہنما کی ضرورت ہے ۔ قائد اعظم بااصول ،دیانتدار، نڈر اور بے باک لیڈر تھے۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر کے سیاستدانوں کو قائد اعظم کے اصولوں کو پیش نظر رکھ کر ملک کی بقائ،سلامتی ،تحفظ اور جمہوریت کے تسلسل کے لئے متحد ہو جانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں یوم قائد اعظم کے سلسلہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے پروفیسر جاوید اعوان ،مفتی تصدق حسین ،رشید احمد رضوی ،حافظ نصیر احمد نورانی ،محمد ارشد مہر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔