لاہور(کلچرل رپورٹر)بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کے 71ویں یوم وفات کے موقع پر برابری پارٹی کے مرکزی دفتر میں ایک خصوصی فکری نشست کا اہتمام کیا گیا جس کا موضوع قائدعظم کی امانت پاکستان تھا تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد تھے تقریب میں پارٹی ورکرزسمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی اس موقع پر اپنے خطاب میں لیبر سیکرٹری طارق اعوان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان کے خطابات پاکستان کی نظریاتی اساس، امن اور خوشحالی کا روڈ میپ ہیں، ان کی فکر رواداری اوربرداشت پر مبنی تھی جبکہ پارٹی کی سینئر وائس چیئرپرسن ڈاکٹر شہنازخان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان اپنے نظریات، خیالات اور مقاصد میں کھلی کتاب کی طرح تھے ۔ آخر میں مہمان خصوصی چیئرمین برابری پارٹی جواد احمد کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم ان کے اتحاد، یقین محکم اور نظم و ضبط کے اصولوں پر کاربند رہنے کا عزم کریں ۔