لاہور(خصوصی نمائندہ،جنرل رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت90 شاہراہ قائد اعظم میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام اٹھا یا جائیگا ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ امن عامہ کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے تسلسل کے ساتھ اقدامات کیے جائیں ۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائیگا اورقانون شکن عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری رکھی جائے ۔جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے پولیس جانفشانی سے فرائض سرانجام دے ،وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اہم مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے ۔وزیراعلیٰ سے فورس کمانڈر اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب بریگیڈیئر خالد محمود گورایہ نے ملاقات کی جس میں منشیات کے خاتمے کیلئے مربوط اندا ز میں موثر اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا کالا دھندہ کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں ۔ پنجاب میں بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہیگا ، تعلیمی اداروں کے باہر منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کی جگہ جیل ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے مہمند ایجنسی میں بارودی سرنگ ناکارہ بنانے کے دوران شہید ہونے والے کیپٹن ضر غام فرید کی شہادت پر لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ۔انہوں نے کہا کہ کیپٹن ضرغام فرید کی شہادت پر قوم کو فخر ہے ۔وزیر اعلی ٰ سے صوبائی وزراء ،مشیران اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ملاقات کی جس میں ترقیاتی منصوبوں ، فلاح عامہ کی سکیموں کو جلد مکمل کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال،چودھری ظہیر الدین، ارکان اسمبلی عمر آفتاب،خرم اعجاز، نیاز خان، علمدار حسین قریشی، نذیرچوہان ،مشیر عون چودھری او رپی ٹی آئی رہنماندیم افضل چن شامل تھے ۔وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت حقیقی ترقی کا انقلاب لا رہی ہے ۔ وزیرا علیٰ کی آج پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں آمد متوقع ہے ۔ وزیر اعلی ٰ نئی سی ٹی، اینجو اور ایم آر آئی مشیوں کا افتتاح کریں گے ۔