لاہور(سپورٹس پورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام قومی سینئر ہاکی چیمپئن شپ 2020ء کے فائنل میں نیشنل بینک آف پاکستان اور پاکستان واپڈا کی ٹیمیں پہنچ گئیں۔گزشتہ روز پہلے سیمی فائنل میں نیشنل بینک نے سوئی سدرن کو شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان واپڈا نے پاکستان نیوی کو ہرا کر فائنل کے لئے جگہ بنائی۔ ماڑی پیٹرولیم آسٹروٹرف ہاکی سٹیڈیم ایوب پارک راولپنڈی میں ایونٹ کا پہلا سنسنی خیز سیمی فائنل نیشنل بینک آف پاکستان اور سوئی سدرن کے مابین ہوا جو کہ سڈن ڈیتھ سٹروک کے ذریعے نیشنل بینک آف پاکستان نے جیت لیا۔میچ مقررہ وقت کے اختتام تک دو دو گول سے برابر رہا۔نیشنل بینک آف پاکستان کی جانب سے ابوبکر اور ارسلان قادر نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ سوئی سدرن کی جانب سے مبشر علی اور علی شان نے ایک ایک گول سکور کیا۔جس کے بعد پینلٹی شوٹ آؤٹ لگائی ئیں۔ شوٹ آؤٹ بھی دونوں ٹیموں کے مابین برابر رہا۔ پہلے سیمی فائنل کا حتمی فیصلہ سڈن ڈیتھ سٹروک پر ہوا جس کے بعد نیشنل بینک آف پاکستان چھ پانچ سے سیمی فائنل جیت گئی۔دوسرا سیمی فائنل پاکستان واپڈا اور پاکستان نیوی کے مابین کھیلا گیاجو پاکستان واپڈا نے ایک صفر سے جیت لیا۔قومی ہاکی چیمپئن شپ کا فائنل آج دوپہراڑھائی بجے ایوب پارک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری ہونگے ۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر کی جانب سے فائنل جیتنے والی ٹیم کے لئے 3 لاکھ,رنر اپ ٹیم کے لئے 2 لاکھ تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 1 لاکھ کیش پرائز کا اعلان کیا ہے جبکہ ایونٹ کے بیسٹ پلیئر کیلئے 50 ہزار کیش پرائز کا بھی اعلان کیا ہے ۔