لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈٹیم کے ساتھ تین ٹیسٹ میچ اور تین ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کے لئے انگلینڈ پہنچ گئی ، گزشتہ روزسکواڈچارٹر طیارے سے صبح دس بجے مانچسٹر کے لیے روانہ ہوئی تھی ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے بیس کھلاڑیوں اور گیارہ سپورٹ سٹاف پر مشتمل سکواڈ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لئے انگلینڈ پہنچ گیا ہے ۔ چارٹرطیارہ سکواڈ کو لینے کے لئے انگلینڈ سے لاہور آیا تھا۔ چیئرمین احسان مانی اور ان کی اہلیہ بھی انگلینڈ جانے والوں میں شامل ہیں جو ای سی بی حکام سے ملاقات کے بعد انگلینڈ میں چھٹیاں گزاریں گے ۔کھلاڑیوں میں ٹیسٹ کپتان اظہر علی، بابر اعظم، عابد علی، اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، موسی خان، نسیم شاہ، روحیل نذیر،سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔ ٹیم مینجر منصور رانا اور ہیڈ کوچ مصبا ح الحق سمیت گیارہ سپورٹ سٹاف ارکان بھی انگلینڈ گئے ہیں۔ٹریولنگ یونیفارم اورماسک پہنے کھلاڑی صبح آٹھ بجے چار کوچز میں تین پولیس موبائل گاڑیوں کے ساتھ مقامی ہوٹل سے صبح ساڑھے آٹھ بجے ائیرپورٹ کے لئے نکلے اور لاہور ایئر پورٹ سے دس بجے فلائیٹ اڑ گئی جوسہ پہر مانچسٹر پہنچ گئی۔ بعد میں سکواڈ ووسسٹر شائر منتقل ہوگیاجہاں ان کا کوویڈ 19 ٹیسٹ ہوگا اور سکواڈ چودہ دن قرنطینہ میں گزارے گا۔ اس دوران پہلے ٹیسٹ سے قبل سکواڈ کا پانچ بار کورونا ٹیسٹ ہو گا۔قومی کھلاڑیوں کو قرنطینہ پیریڈ کے دوران ٹریننگ اور پریکٹس کی اجازت ہوگی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم قرنطینہ گزارنے کے بعد ڈربی شائر منتقل ہو جائے گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 5 اگست کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔