لاہور ( این این آئی)مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں عمر قید کی سزا کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔حنیف عباسی نے عدالت سے درخواست کی کہ سزا اور 10 لاکھ روپے جرمانہ معطل کر کے ضمانت پر رہا کیا جائے ۔ حنیف عباسی کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ انہوں نے پہلے راولپنڈی بنچ میں سزا کو چیلنج کیا تھا تاہم وہاں کے ججز نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی جس کے بعد اب تک کوئی نیا بنچ نہیں آیا۔درخواست میں استدعا کی گئی ان کے موکل 6 ماہ سے جیل میں ہیں لہٰذا لاہور میں ہی بنچ تشکیل دیا جائے اور اپیل کی سماعت کی جائے ۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے راولپنڈی بنچ سے مقدمہ کی فائل طلب کرلی اور آئندہ ہفتہ لاہور میں خصوصی ڈویژن بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔