لاہور، حافظ آباد، وہاڑی، محمد نگر (اپنے سٹاف رپورٹر سے ، سٹاف رپورٹرز، نامہ نگار ) لاہور میں ہفتہ کے روز بھی وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش اور بوندا باندی جاری رہی، محکمہ موسمیات کے مطابق مالاکنڈ،ہزارہ،راولپنڈی ڈویژن،اسلام آباد،کشمیر اورگلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ پشاور،کوئٹہ، مکران،سکھر،گوجرانولہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان،ساہیوال اور بہاولپورڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی ۔ آج اتوار کے روزبیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہیگا، لاہور اور گوجرانوالہ سمیت بعض شہروں میں ہلکی بارش کا بھی امکان ہے ، پنجاب کے میدانی علاقوں، بالائی سندھ، اور پشاور ڈویژن میں بعض مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے ، ہفتہ کو سرد ترین مقامات کادرجہ حرارت بگروٹ، سکردو،گوپس منفی 08، استور منفی06،کالام، مالم جبہ، منفی05، ہنزہ منفی 04، قلات منفی 03،دروش،گلگت، بونجی، پارہ چنار، اور مری میں منفی02 سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی، لاہور کم سے کم درجہ حرارت 07 سینٹی گریڈ رہا ، آج لاہور میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔ حافظ آباد، وہاڑی اور پاکپتن میں ہلکی ہلکی بارش ہوتی رہی، سرد ہوائیں چلنے سے سردی میں اضافہ ہوگیا، خشک سردی کا خاتمہ ہونے سے کسانوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں۔ مری اور گلیات میں برفباری نے رنگ جما دیا ہے ، بارش کی وجہ سے خنکی بڑھ گئی ہے ، کوئٹہ اور زیارت میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی، سکھر و نواح میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔