لاہور،شیخوپورہ ،گوجرانوالہ (اپنے رپورٹر سے ،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،نمائندہ خصوصی سے ،بیورورپورٹ ) قبضہ مافیا ،تجاوزات کیخلاف جاری آپریشن کے دوران ،لاہور ،شیخوپور ہ سمیت کئی شہروں میں کروڑوں روپے کی سینکڑوں کنال اراضی واگزار کرالی گئی ،گوجرانوالہ میں ایم این اے خرم دستگیر کا پٹرول مسمار کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے کے عملے نے ڈی بلاک سبزہ زار میں آپریشن کر کے لینڈ مافیا کے قبضے سے ایل ڈی اے کے ملکیتی کروڑوں روپے کے 55پلاٹ واگزار کر الئے ۔آپریشن کے دوران پانچ مختلف جگہوں پر واقع 31کنال اراضی واگزار کرائی گئی جس پر 7مرلے ‘12مرلے اور ایک کنال رقبے کے پلاٹ بنائے گئے تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے آمنہ عمران خان نے کہ قبضہ گروپوں کے خلاف آپریشن کر کے حکومتی رٹ بحال کی جارہی ہے ۔آپریشن بلا امتیاز کیا جارہا ہے اور کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ایل ڈی اے نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کر تے ہوئے تین زیر تعمیر عمارتیں مسمار کر دیں ۔ عملہ نے شاہکام چوک، اڈا پلاٹ اور بحریہ ٹائون کے نزدیک نہر سے ملحقہ علاقے میں ایک ، ایک عمارت مسمار کی ۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن(ر) انوارالحق نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے محمود بوٹی مشرقی بائی پاس پر سرکار کی زمین کو واگزار کرانے کیلئے آپریشن کیا اور 4کنال(4) کروڑ روپے ما لیت کی زرعی و کمرشل جگہ کو واگزار کروا لیا ۔ اے سی سٹی صفدر حسین ورک نے نین سکھ میں چھ کنال10مرلے ، اے سی کینٹ حیدر عباس وٹو کی سربراہی میں ٹیم نے موضع پنگالی اور روہی میں29کنال سرکار کی زمین کو واگزار کروا لیا۔ محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب نے شیخوپورہ میں آ پریشن کلین ا پ کر کے ساڑھے 8کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 9کنال وقف اراضی کو واگذار کرا لیا ۔ ٹیم نے فیض پور انٹرچینج کے قریب شرقپور روڈ پر ناجائز قابضین کے خلاف کارروائی کی ۔ دربار حضرت نو ر شاہ ولی ؒ کے نام پر وقف رقبہ میں سے 9کنال اراضی پر بنائی گئی مارکیٹ، جس میں تقریبا15دوکانیں اور 20کھوکھے موجود تھے ان کو مسمار کر دیا گیا۔ گوجرانوالہ میں ایم این اے انجینئر خرم دستگیر خان کا جی ٹی روڈ پر پمپ مسمارکر دیا گیا جبکہ ریلوے اورہائی ویز کی کروڑوں روپے کی جگہ واگزار کرالی گئی۔پٹرول پمپ خرم دستگیر کے والد غلا دستگیر خان کی ملکیت تھا۔اس دوران جی ٹی روڈ پر ٹریفک مکمل طور پر بند ہوگئی ،گاڑیوں، موٹرسائیکلوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔غلام دستگیر خاندان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی صریحاً انتقامی کاروائی ہمیں اپنے نظریات سے متزلزل نہیں کرسکتی ۔ ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ کی طرف سے 66سال پرانے پٹرول پمپ کو مسمار کیا جانا پی ٹی آئی حکومت کی سیاسی انتقامی کارروائی ہے ۔بہاولپور پولیس نے چک12 بی سی آپریشن کیاتو قابضین بپھر گئے ، پولیس اورانتظامی ومالی افسران پر پتھرائوشروع کردیا اورڈنڈے سوٹے لے کرپولیس پرپل پڑے ۔ گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی ۔ لیڈی کانسٹیبل سمیت6 اہلکار زخمی ہوگئے ۔انتظامیہ نے رینجرز طلب کرلی جس نے حالات پرقابو پایا۔ پولیس نے 500 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔اے پی پی کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے سرگودھا روڈ پر 15 ایکڑ سرکاری اراضی ناجائز قبضہ سے واگزار کرالی ۔سٹی ہائوسنگ سکیم کی انتظامیہ نے پندرہ ایکڑ سرکاری اراضی اپنی رہائشی سکیم میں ناجائز طور پر شامل کر رکھی تھی ۔فیصل آباد سے وقائع نگارخصوصی کے مطابق 15ایکٹر زمین پر چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کے داماد میجر (ر) ملک عامر نے قبضہ کیا ہوا تھا ۔