لاہور( شوبز ڈیسک)سینئر اداکار عرفان کھوسٹ نے کہا ہے کہ لاہور ہمیشہ سے ادب ، ثقافت اور فنون لطیفہ کا گڑھ رہا ہے ،یہاں سے ٹی وی ڈرامہ کراچی منتقل ہو گیا ہے لیکن میرے خیال میں یہاں بھی جلد دوبارہ سر گرمیاں شروع ہوں گی ۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہو رمیں بننے والے ڈرامے پوری دنیا میں پہچان رکھتے تھے اور ان کی مثال دی جاتی تھی ۔انہوں نے کہا کہ میں کراچی میں ڈرامے بننے کا ہرگز مخالف نہیں ہوں کیونکہ پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے فنکار ان ڈراموں میں کردار ادا کر رہے ہیں ۔ عرفان کھوسٹ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ لاہور میں جلد دوبارہ ڈرامہ انڈسٹری بحال ہو گی اور اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی ۔