لندن(نیٹ نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) نفرت انگیزتقاریرپرلندن میں گرفتار بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔سکاٹ لینڈ یارڈ نے بانی ایم کیو ایم کو گھر پر چھاپہ مار کر تشدد پر اکسانے والی تقاریر کے الزام میں گرفتار کیا تھا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سکاٹ لینڈ یارڈ نے بانی ایم کیو ایم سے گزشتہ رات برطانوی وقت کے مطابق 10 بجے سے 12 بجے تک تفتیش کی اور ان سے مختلف سوالات کئے تاہم الطاف حسین نے لندن پولیس کے سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا۔بانی ایم کیو ایم نے پولیس کو صرف اپنے نام، تاریخ پیدائش اور گھر کے پتے کی تصدیق کی۔ دورانِ تفتیش الطاف حسین کے وکلاء بھی ان کیساتھ تھے ۔دریں اثنا لندن پولیس نے بانی ایم کیو ایم کے گھر اور ایم کیو ایم کے انٹرنیشنل سیکرٹریٹ کی تلاشی مکمل کر لی جہاں سے الطاف حسین کی تقاریر سے متعلق مواد قبضے میں لیا گیا ہے ۔کراؤن پراسیکیوشن سروس کا کہنا ہے کہ فرد جرم عائد کرنے کیلئے الطاف حسین کیخلاف شواہد ناکافی ہیں، اس موقع پر ان پر فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی تاہم تحقیقات جاری رہے گی۔