بہاولنگر(سید لطف الحسن گیلانی سے ) رقم کے تنازع پر تین بھائیوں نے چوتھے بھائی کو بدترین تشدد کانشانہ بناڈالا، پیچ کس سے آنکھیں نکال کر زبان بھی کاٹ دی ۔ بہاولنگر کے نواحی گاؤں سکھ رام پورہ میں ذوالفقار نامی شخص پر اسکے تین حقیقی بھائیوں نے بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے تیز دھار آلہ سے اسکی زبان کاٹ دی اور پیچ کس کے ذریعے اسکی دونوں آنکھیں بھی ضائع کر کے موقع سے فرار ہو گئے متاثرہ شخص کو شدید زخمی حالت میں ڈسٹر کٹ ہسپتال بہاولنگر منتقل کر دیا گیا ، ڈاکٹرز کے مطابق مضروب کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے ۔ ڈی پی او بہاولنگر محمد انور کھیتران فوری ایکشن لیتے ہوئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ۔ ۔پولیس تھانہ صدر بہاولنگرنے مقدمہ درج کر کے ذوالفقار کے دو حقیقی بھائی سرفراز اور گلاب علی کو گرفتار کر لیا جبکہ تیسرا بھائی ملزم احمد شجاع فرار ہے ۔ مدعیہ بی بی سمین نے روزنامہ92سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میری شادی 11سال قبل ذوالفقار سے ہوئی میرے چار بچے ہیں۔ دوسال قبل میرا خاوند ذوالفقار کاکی دختر نواز سے خفیہ شادی کر کے کہیں چلا گیا اور اڑھائی ماہ قبل آکر صلح کر لی اور دوسری بیوی کاکی کو اپنے بھائی اﷲ یار کے پاس رہائش پزیر کروا دیا ۔گزشتہ روز ذولفقار ٹھیکہ کی رقم لینے گیا مگر ملزموں نے بہیمانہ تشدد کانشانہ بناڈالا۔ میرے خاوند کی دوسری بیوی کاکی کی منگنی ملزم احمد شجاع سے ہوئی تھی جسکا بھی ملزم احمد شجاع کو رنج تھا ۔